ملک کے طول و عرض میں زمینی راستے بحال کرنے کیلئے افسران، ماہرین تعمیرات اور عملہ دن رات کوشاں، وفاقی وزیر و سیکرٹری مواصلات بھی فیلڈ میں موجود ہیں ، ترجمان این ایچ اے

وفاقی وزیر مواصلا ت وپوسٹل سروسز اسعد محمود کی ہدایت پر ملک کے طول و عرض میں زمینی راستے بحال کرنے کیلئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے افسران، ماہرین تعمیرات اور عملہ دن رات کوشاں ہے، بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے این ایچ اے کا روڈ نیٹ ورک بری طرح متاثر ہوا تاہم این ایچ اے فیلڈ سٹاف کی کاوشوں سے کئی ایک مقامات پر ٹریفک بحال ہوچکی باقی ماندہ متاثرہ سڑکوں اور پلوں کی بحالی کا کام جاری ہے۔ جمعرات کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی(این ایچ اے) کے ترجمان کی طرف سے جاری تازہ ترین صورتحال کے مطابق وفاقی سیکرٹری مواصلات وچیئرمین این ایچ اے کیپٹن(ر) محمد خرم آغا بلوچستا ن کے متاثرہ علاقوں میں کام کی ذاتی طور پر مانیٹرنگ کر رہے ہیں جبکہ وفاقی وزیر مواصلات ٹانک ، ڈیرہ اسماعیل خان اور دیگر جنوبی اضلاع میں سیلاب سے متاثرہ مختلف علاقوں کے گزشتہ ہفتے سے دورے کر رہے ہیں۔ و فاقی وزیر مواصلات اسعد محمود نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اشیا خوردونوش ، پینے کے صاف پانی اور خیمے تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ متاثرہ گائوں شادہ کی بحالی کیلئے مختلف محکموں کو ہدایات جاری کیں ۔کے پی کے میں سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کے کام میں تیزی آ چکی ہے ۔ قومی شاہراہ این55 پروا سے رمک تک کی بحالی کیلئے مسافروں کی مشکلات کے پیش نظر این ایچ اے حکام نے کام کی رفتار بڑھا دی ہے نیز بھاری مشینری ، ایکسویٹر اور ٹریکٹر ٹرالی سمیت دیگر سامان بھی موقع پر پہنچادیا گیا ہے۔ این۔ 55 انڈس ہائی وے بحال کرکے جلد ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔ مولانااسعد محمود کی ہدایت پر این 55 کو پروا کے مقام سے بحال کرنے کے کام کی مانیٹرنگ کیلئے این ایچ اے کے متعلقہ اعلی حکام بھی موجود ہیں۔ مزید برآں وفاقی سیکرٹری مواصلات و چیئرمین این ایچ اے کیپٹن(ر) محمد خرم آغا کی ہدایات پر ممبر خیبرپختونخواہ مرشد امین قومی شاہراہوں کی بحالی کیلئے صوبے میں مختلف مقامات کے دورے کر رہے ہیں ۔ صوبہ سندھ میں مختلف مقامات پر این ایچ اے کی36 کلومیٹرسے زائد سڑکیں مختلف مقامات پر بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہوئی ہیں، جنہیں مکمل مرمت کے بعد بحال کردیا گیا ہے۔ صوبہ بلوچستان میں بھی 54 کلومیٹر کا روڈ نیٹ ورک مختلف مقامات پر متاثر ہوا ہے،جس میں سے 14کلومیٹر کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے جبکہ مزید 40کلومیٹر روڈ انفراسٹرکچر کو بحال کرنے کیلئے کام جاری ہے۔ اس سلسلے میں بی بی نانی پل پر ٹریفک پہلے ہی بحال کردی گئی ہے جبکہ پنجیرہ پل پر اس وقت کام جاری ہے، البتہ وانگو ہل سے بریجہ تک راستہ بحال کیا جارہا ہے۔ وفاقی سیکرٹری مواصلات و چیئرمین این ایچ اے کیپٹن(ر)محمد خرم آغا بحالی کے کام کی نگرانی کیلئے خود موجود ہیں۔صوبہ پنجاب میں فاضل پور اور راجن پور کے درمیان روڈ 2 جگہوں سے متاثر ہوئی تھی،جس پر بیلی پل نصب کرکے ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔ اسی طرح فورٹ منرو سے بھی لینڈ سلائیڈنگ ہٹا دی گئی ہے۔ جنوبی پنجاب میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا پورا روڈ نیٹ ورک ٹریفک کیلئے کھلا ہے ۔خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں این ایچ اے کے روڈ نیٹ ورک پر 8 مقامات سے سڑکو ں اور پلوں کی ضروری مرمت کے بعد ان پر ٹریفک بحال ہوچکی ہے جبکہ باقی ماندہ متاثرہ مقامات پر کام جاری ہے جس پر جلد ٹریفک بحال کردی جائے گی۔

ملک کے طول و عرض میں زمینی راستے بحال کرنے کیلئے افسران، ماہرین تعمیرات اور عملہ دن رات کوشاں، وفاقی وزیر و سیکرٹری مواصلات بھی فیلڈ میں موجود ہیں ، ترجمان این ایچ اے